سانحہ ساہیوال میں پیش رفت: ذیشان کے بھائی کا بیان قلمبند کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 15 February,2019 04:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جے آئی ٹی نے سانحہ ساہیوال کے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام اور گواہان کے بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کارروائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور اب خلیل کے بھائی جلیل کے ساتھ ساتھ جے آئی ٹی نے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام سمیت دیگر گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

جے آئی ٹی نے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام کو طلبی کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ساہیوال سے متعلق مقتول ذیشان کے بھائی احتشام دیگر گواہان کو لیکر آج دوپہر 2 بجے پولیس کلب جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں، تمام افراد کے بیانات قلمبند ہوں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز چیف جسٹس سردار شمیم خان نے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر مقتول ذیشان کے بھائی احتشام سمیت دیگر افراد کے بطور گواہان بیانات قلمبند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔