سراج درانی کی گرفتاری جمہوریت کی تذلیل ہے: بختاور بھٹو کا ٹویٹ

Last Updated On 20 February,2019 02:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بختاور بھٹو زرداری نے سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کو جمہوریت کی تذلیل قرار دے دیا۔

بختاور بھٹو نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ چیئرمن پی پی، وزیراعلیٰ کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا اب سپیکر کو گرفتار کیا گیا، ای سی ایل پر نام ڈالنا اور سپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کرنا جمہوریت کی تذلیل ہے۔

بختاور بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ 27 دسمبر کی تقریر کے بعد چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا، پی ٹی آئی نے پریس کانفرنس کر کے سندھ پر قبضہ کرنے کے دعوے کئے، کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ پی ٹی آئی ای سی ایل اور ان گرفتایوں سے کیا چاہتی ہے۔

 مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے سراج درانی کی گرفتاری سمجھ سے بالا تر ہے، جرم ثابت ہونے سے قبل گرفتاری کیسے ہوسکتی ہے ؟ وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی، وزرا کے خلاف انکوائریاں جاری ہیں، کیا وزیراعظم سمیت دیگر وزرا کے ساتھ بھی یہی رویہ اپنایا جائیگا ؟۔

مولا بخش چانڈیو نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی اسلام آباد سے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے سپیکر کو اسلام آباد سے ہتھکڑیاں لگا کر کراچی لے جانا کیا پیغام دے گا، سراج درانی سندھ اسمبلی کے سپیکر ہیں، انہیں اس طرح کیسے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔