اٹھارویں ترمیم بند کمروں میں تیار کی گئی، سابق چیف جسٹس

Last Updated On 25 February,2019 10:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم بند کمروں میں تیار کی گئی، اس پر پارليمنٹ ميں کوئی بحث نہيں ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے ہم نے ملک کے اداروں کو مضبوط نہيں کيا، سیاست میں آنےکا کوئی ارادہ نہیں، ڈيم فنڈعوام کی امانت ہے جس ميں کوئی خیانت نہیں کر سکتا۔

کراچی کونسل آن فارن ریلیشن کے تحت مقامی ہوٹل میں سیمینار میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ريٹائرڈ ثاقب نثار کی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ کہ کبھی بھی عدليہ کو کسی چيز سے بری الذمہ قرار نہيں ديا۔ اٹھارہويں ترميم بند کمروں ميں تيار ہوئی جس پر پارليمنٹ ميں کبھی بحث نہيں ہوئی۔

سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سياست ميں آنے کا کوئی ارادہ نہيں، پاکستان نہ ہوتا تو کسی بینک کا ملازم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ کے لئے بيرون ممالک مزيد دورے کروں گا۔ حکومت پاکستان ڈیم فنڈ کے پیسے خرچ کرنے سے پہلے سپریم کورٹ کو آگاہ کرے گا۔ ڈیم فنڈ کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے۔