بھارتی دعوؤں پر جواب، وزیر خارجہ کا امریکی ہم منصب کو فون

Last Updated On 26 February,2019 10:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلے فون پر رابطہ کر کے انہیں لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو سے کہا بھارت سیاسی مقاصد اور انتخابات کے لیے جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے لیکن پاکستان اپنی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے عزائم کے حوالے سے دنیا کو پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے اور پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارتی دھمکیوں کے باوجود انتہائی ذمے دارانہ رویہ اختیار کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔