وزیراعظم کا گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان

Last Updated On 28 February,2019 11:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں دراندازی کے دوران گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ونگ کماںڈر ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے انڈین پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جان لے کہ یہ ہماری کمزوری نہیں، اس اقدام کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت اس سے آگے نہ لے کر جائے، بھارت جو بھی اقدام کرے گا، پاکستان اس کا جواب دینے پر مجبور ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہندوستان میں ایک بحث کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کشیدگی نہ بھارت کے فائدے میں ہے نہ پاکستان کے، ہم دنیا سے بات کر رہے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کے لئے کردار ادا کرے تاہم ہماری ان کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے، نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کسی کو انتہا تک نہ لیکر جائیں، کل رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کا خطرہ تھا تاہم وہ خطرہ بھی ٹل گیا لہذا ہندوستان کو کہہ رہا ہوں کہ اس کشیدگی کو آگے نہ لے کر جائیں ورنہ پھر پاکستان جواب دینے پر مجبور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جو ہتھیار دونوں کے پاس ہیں اس جانب سوچنا بھی نہیں چاہیے۔ ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ سب کچھ خیر سگالی کے جذبے کے تحت کر رہے ہیں۔