وزیراعظم کو نوبل امن انعام دینے کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع

Last Updated On 02 March,2019 11:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد وزیر اطلاعات فواد چودھری نے جمع کرائی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا، بھارتی قیادت کا جنگی جنون دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بنا، بھارتی قیادت کا اظہارِ جارحیت دونوں ایٹمی ریاستوں کو جنگ کے دہانے پر لے آیا، بھارت کے جنگجو یانہ رویے سے سرحد کے دونوں طرف بسنے والے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ تھا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے فعال کردار ادا کرتے ہوئے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا، امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جائے۔