بھارت نے روس سمیت کسی بھی دوسرے ملک کی ثالثی کو مسترد کردیا

Last Updated On 02 March,2019 09:43 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روس میں تعینات بھارتی سفیر ونکاتش ورما نے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اوربھارت کےدرمیان کشیدگی کم ہورہی ہے، بھارت پاکستان میں فضائی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

بھارتی سفیر کا کہنا تھا کہ روس یاکسی دوسرے ملک کی ثالثی کی ضرورت نہیں، خطےمیں تشویشناک صورت حال میں کمی آ رہی ہے۔

خیال رہے کہ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے چند روز پہلے پاکستان اور بھارت کے درمیان مصالحت کرانے کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے یہ پیشکش پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فون پر بات چیت کے دوران کی تھی۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں،امن چاہتا ہے، بھارت آگ سے کھیل رہا ہے، صورتحال میں پارلیمنٹ کا کردار تاریخی ہے، پاک فضائیہ نے بھی ثابت کردیا کہ جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے جو چال چلی وہ الٹی پڑگئی، بھارتی حکومت مقبولیت کھو رہی ہے، ہمسایہ ملک کے میڈیا نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دفترخارجہ پلوامہ واقعے سے پہلے ایکٹیویٹ ہوچکا تھا، ہمیں خدشہ تھا مودی مقبولیت کھونے پرکوئی نہ کوئی حرکت کریں گے، ڈرتھا کوئی مس ایڈوانچرہوسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پورے بھارت میں مودی جیسی سوچ نہیں ہے، بھارت میں بڑا طبقہ جنگ نہیں چاہتا، آج طالبان اورامریکا بھی مذاکرات کررہے ہیں، اس تناظرمیں پاکستان نہیں چاہے گا کہ مشرقی سرحد پر جنگ کے بادل منڈلائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ابھی نندن کی رہائی پر کوئی عالمی دباؤنہیں تھا، یہ عمران خان کا بڑا پن ہے، بھارت کی قید میں شاکراللہ کی حفاظت بھارتی جیل حکام کی ذمہ داری بنتی تھی،بھارت ناکام رہا، ہم نے وہ کیا جوہمیں کرنا چاہیے تھا، انھوں نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی۔