نیشنل ایکشن پلان: کالعدم تنظیموں کیخلاف کریک ڈاؤن، 60 سے زائد افراد گرفتار

Last Updated On 08 March,2019 05:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب بھر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 60 سے زائد افراد گرفتار کو کر لیا گیا، مزید 16 مدرسوں کا کنٹرول پنجاب حکومت نے سنبھال لیا، 9 ڈسپنسریاں بھی سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کریک ڈاؤن کے دوران ملک بھر سے مزید درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ 182 مدارس، 34 سکول و کالجز پر صوبائی حکومتوں کا کنٹرول ہے جہاں ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 5 ہسپتال، 163 ڈسپنسریاں، 184 ایمبولینسز اور 8 دفاتر بھی سرکاری تحویل میں لئے گئے۔

لاہور میں کالعدم جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹرز کا انتظام پنجاب حکومت کے پاس ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے تمام سکولز اور ادارے چلتے رہیں گے۔ رینالہ خورد میں 2 مدارس کا کنٹرول محکمہ اوقاف نے سنبھال لیا۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 نے اپنی تحویل میں لے لی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ، مٹیاری، جامشورو، سانگھڑ، بدین اور دیگر شہروں میں قائم کالعدم جماعتوں کے 31 سکولز، 16 مدارس، 9 ہسپتال تحویل میں لئے گئے، ان اداروں کا انتظام اب تعلیم، صحت اور اوقاف کے محکمے چلائیں گے۔