بلاول، نواز ملاقات صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے، فواد چودھری

Last Updated On 11 March,2019 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات فواد چودھری نے بلاول بھٹو کی جیل میں نوازشریف سے ملاقات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھٹو کے نواسے نے ضیاءالحق کے منہ بولے بیٹے سے ہاتھ ملا کر صدی کا سب سے بڑا یوٹرن لیا، آج بھٹو کے خون پر میثاق صلح ہو گیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ بلاول خود کو نوازشریف کے سیاسی مزار کا مجاور دکھا کر پنجاب میں سیاسی میلہ لوٹنا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے مایوس نوازشریف کا ملاقاتی اب بلاول ہی رہ گیا ہے، نواز شریف اپنی پارٹی سے بڑے نالاں ہیں، محمد نواز شریف کی صحت پر سیاست خود اپوزیشن کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ نواز شریف صحت مند ہوں اور ان کا علاج ہو، وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ محمد نواز شریف جہاں سے چاہیں علاج کرائیں مگر اپوزیشن ان کی بیماری کو سیاسی پروجیکٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہے، دو سیاسی مایوسوں کی ملاقات سے مایوسی ہی برآمد ہوئی۔