بیجنگ کانفرنس: عمران خان کی روسی صدر سے ملاقات متوقع

Last Updated On 14 March,2019 08:42 am

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) چینی صدر شی جن پنگ کے زیر صدارت 'ون بیلٹ ون روڈ' کانفرنس 25 سے 27 اپریل کو بیجنگ میں ہوگی جس میں وزیراعظم عمران خان، روسی صدر پوٹن، ڈاکٹر مہاتیر محمد سمیت 20 سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت شریک ہوں گے۔

کانفرنس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پوٹن سے ملاقات متوقع ہے جس کیلئے وزارت خارجہ نے ہوم ورک شروع کر دیا ہے، کانفرنس میں حکومتی وفد کے علاوہ چینی سفارتخانہ اپنے طور پر پاکستان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کریگا۔

علاوہ ازیں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ بھی ون بیلٹ ون روڈ میں چین کی دعوت پر شریک ہوں گے، کانفرنس میں جی سیون ممالک سے اٹلی کے وزیراعظم بھی شرکت کریں گے اور عرب ممالک کے سربراہان کی شرکت بھی متوقع ہے، سری لنکا، نیپال، فلپائن کے سربراہوں نے کانفرنس میں شرکت کی چین کو یقین دہانی کرا دی ہے۔
 

Advertisement