چین کے اعتراض پر مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کا معاملہ موخر

Last Updated On 14 March,2019 12:00 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) سازشی بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ مولانا مسعود اظہر کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا معاملہ مؤخر ہو گیا ہے۔ تجویز بھارتی ایما پر امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے آئی تھی۔

بھارت کا فرانس برطانیہ اور امریکا سے گٹھ جوڑ بھی کام نہ آیا، تینوں ممالک کی جانب سے 27 فروری کو جمع کرائی گئی قرار داد تیکنکی بنیادوں پر روک دی گئی۔ تجویز پلوامہ حملے کے بعد سلامتی کونسل کی 1267 سینکشنز کمیٹی کے تحت دی گئی تھی۔ انڈین وزارت خارجہ نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کر دیا۔

مسعود اظہر کو ممنوعہ افراد کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی کوشش مسلسل جاری ہے، بھارت نے پہلے یہ کوشش 2009 پھر 2016، اس کے بعد 2017 اور اب 2019 میں چوتھی بار کی گئی ہے۔ خطے میں وسعت پسندانہ عزائم اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ناخوشگوار تعلقات رکھنے والے بھارت کو چاروں بار خفت کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ کی طرح اس مرتبہ بھی چین نے مسعود اظہر کے خلاف پیش کردہ ثبوت اور شواہد کو ناکافی قرار دیا، جس کے بعد اس قرارداد کو تیکنکی بنیادوں پر روک لیا گیا۔
 

Advertisement