چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام کو وفاقی وزیر کا درجہ دیدیا گیا

Last Updated On 14 March,2019 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا ہے۔ سیکرٹریٹ گروپ کے متعدد افسران کے تقرر وتبادلے بھی کر دئیے گئے۔

کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق فخر امام کو چیئرمین خصوصی کمیٹی کشمیر کے طور پر وفاقی وزیر کا درجہ دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر کے درجہ کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

حکومت نے سیکرٹریٹ گروپ سے تعلق رکھنے گریڈ 19 کے متعدد افسران کے بھی تقرر وتبادلوں کی منظوری دے دی ہے۔ سید افتخار حسین کو نقوی ڈائریکٹر جنرل نجکاری کمیشن لگا دیا گیا ہے۔

سیکرٹریِٹ گروپ کے محمد فیاض اور حافظ عبد الہادی کو ڈپٹی سیکرٹری وزارت خزانہ، سیکرٹریٹ گروپ کے سید محمد علی کو ڈپٹی سیکرٹری نجکاری کمیشن اور ڈپٹی سیکرٹری خزانہ محمد پرویز عالم کو ڈی جی نجکاری کمیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔

ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 کے رشید نور کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ڈیپوٹیشن میں ایک سال کی مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ محمد ظفر اقبال کو سٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تقرر وتبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے گئے ہیں۔
 

Advertisement