حجاج کرام کو جیب خرچ دینے کیلئے حکومت کا سوچ بچار

Last Updated On 27 March,2019 11:10 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور و حج پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حجاج کرام کے لئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔

پشاور کے مقامی ہوٹل میں ورکشاپ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ وفد سعودی وزارت داخلہ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ہو گا۔ یہ سعودی وفد بڑے شہروں کے ائیرپورٹس کا بھی دورہ کریں گا جہاں حجاج کرام کی امیگریشن سے متعلق تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اس دفعہ حجاج کرام کو پاکستانی ائیرپورٹس پر سعودی کسٹم اور دیگر لوازامات کو پورا کر کے مکہ کے لئے روانہ کیا جائے گا جس سے حجاج کرام کو جدہ ائیرپورٹ پر انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم ای ویزہ سسٹم بھی لا رہے ہیں جس سے مزید سہولت میسر ہو گی۔ حکومت کے جانب سے حج پر سبسڈی واپس لینے سے حج آپریشن پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے۔ سرکاری حج سکیم میں ایک لاکھ سات ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ حج کوٹہ میں 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد پرائیویٹ حج پر مشتمل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے حج اپریشن کو سیاست کے طور پر استعمال کیا جس سے وزارت حج کو نقصان اٹھانا پڑا، مگر اس حکومت نے اس نقصان کو بھی پورا کر دیا۔ حکومت حجاج کرام کو کچھ جیب خرچ کے لئے رقم دینے کا بھی سوچ رہی ہے۔