زرداری اور نواز اکٹھے ہو جائیں پھر بھی نہیں چھوڑیں گے: وزیراعظم

Last Updated On 30 March,2019 03:24 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے زرداری اور شریف فیملی کو نہیں چھوڑیں گے، خود کو بچانے کیلئے آج دونوں اکٹھے ہوگئے، چوری چھپانے کیلئے ٹرین مارچ کیا گیا، سندھ کا پیسہ جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ میں باہر چلا گیا۔

گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت دیوالیہ ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد آمدن میں نمایاں کمی ہوئی، قومیں غریب نہیں ہوتی، کرپشن مقروض کر دیتی ہے، جب میں بڑا ہو رہا تھا پاکستان ایشیا میں سب سے زیادہ ترقی کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو بے دردی سے لوٹا گیا، پاکستان کو ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود دینا پڑ رہا ہے، مجموعی محصولات کا نصف قرضوں کی مد میں خرچ ہو جاتا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اندرون سندھ میں غربت کی وجہ کرپشن ہے، نائجیریا اور کانگو جیسے ممالک کرپشن کی وجہ سے غریب ہے، سندھ کی زمین زرخیز ہے، کیا وجہ ہے اندرون سندھ میں سارے پاکستان سے زیادہ غربت ہے۔ انہوں نے کہا کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، سب سے زیادہ گیس سندھ سے نکلتی ہے، گھوٹکی میں گیس کے 250 کنویں موجود ہیں، سندھ کی 70 فیصد گیس گھوٹکی سے حاصل کی جاتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کرپشن پر لوگوں سے حساب مانگا جا رہا ہے تو جمہوریت خطرے میں آگئی، نواز شریف اور آصف زرداری کرپشن بچانے کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں، عوام کا پیسا واپس کر دیں ہم آپ کو چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا آپ نے دھرنا دینا ہے تو ہم آپ کو کنٹینر دیں گے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے، سندھ جب بھی آیا سندھ کو پیچھے جاتے دیکھا، سندھ کی سیاسی خاتون کے دبئی میں پانچ گھر نکلے ہیں، ہم نے سندھ کے لوگوں کا خوف ختم کرنا ہے۔