'قائد حزب اختلاف کے گھر پر بغیر کسی وارنٹ کے چھاپہ قابل مذمت ہے'

Last Updated On 05 April,2019 02:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے شہباز شریف کے گھر پر نیب چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا قائد حزب اختلاف کے گھر پر بغیر کسی وارنٹ کے چھاپہ قابل مذمت ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پی پی احتساب کی نہیں سیاسی انتقام کی مخالفت کرتی ہے، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام قبول نہیں،ایک بار پھر حکومت نے آمرانہ اور غیر جمہوری حرکت کی ہے۔

 یاد رہے نیب کی ٹیم حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے لاہور ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کے گھر پہنچی، ان کے پاس حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے لیکن سکیورٹی گارڈز نے نیب ٹیم کو گھر میں داخلے سے روک دیا۔ نیب ٹیم اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ لیگی کارکنوں نے گاڑیوں کا گھیراؤ کر کے نعرے بازی کی۔

نیب کی ٹیم کچھ دیر تک شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہی اور مزاحمت ہونے پر واپس چلی گئی۔ نیب اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا۔ نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب اور جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی گئی۔ نیب کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتار ی کے وارنٹ موجود تھے، نیب کو کسی ملزم کی گرفتاری سے قبل آگاہ کرنا ضروری نہیں۔

حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، نیب حمزہ شہباز کی گرفتاری عمل میں لائے گا۔ نیب کی قانونی کارروائی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا۔