بھارت کیلئے امن کا پیغام، پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے: شاہ محمود

Last Updated On 10 April,2019 03:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارت کیلئے پیغام ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں، پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، 2 جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ کا سوچا بھی نہیں جاسکتا، طاقت کا استعمال خطے میں عدم استحکام پیدا کرے گا، مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خطے کو سکیورٹی سے متعلق مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، امن و استحکام کیلئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، خطے میں کشیدگی بڑھنے سے علاقائی امن کو خطرات درپیش ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان پر امن ملک ہے، ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، دوسرے ممالک سے بھی ذمہ دارانہ رویے کی توقع رکھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوری طور پر پاک بھارت بامقصد مذاکرات کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں، بھارت کشمیریوں پر مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، یو ان قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا پاکستان ذمہ دار ملک ہے، ایٹمی عدم پھیلاؤ پر یقین رکھتے ہیں، خطے میں توازن کیلئے میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری اسلحہ پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کرتار پور راہداری کھولنے کا مقصد سکھوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنا ہے، پاکستان نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیشہ جذبہ خیر سگالی دکھایا، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کیلئے دو قدم آگے رہا ہے۔