شریف فیملی کا نیب نوٹسز لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 15 April,2019 12:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شریف فیملی نے نیب نوٹسز لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ حمزہ شہباز نے لیگل ٹیم کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے حمزہ شہباز، شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو بھجوائے گئے نوٹس چیلنج کرنے پر قانونی مشاورت کی جا رہی ہے، قانونی مشاورت کے بعد نیب نوٹسز کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی جائیں گی، نیب نوٹسز اختیار سے تجاوز ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ نیب کی جانب سے حمزہ شہباز، شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ نیب کی جانب سے شریف فیملی کے افراد سے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔