اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جوائنٹ وینچر کیس میں فریال تالپور کی ضمانت منظور کر کے 29 اپریل تک نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔ ملزمہ کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔
فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک نے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ کو بتایا کہ نیب نے ان کی مؤکل کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی نئی انکوائری میں بدھ کے روز طلب کر رکھا ہے، پیشی کے دوران گرفتاری کا خدشہ ہے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا یہ کوئی مختلف انکوائری ہے ؟ فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا جی ہاں یہ الگ معاملہ ہے۔ عدالت نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض فرال تالپورکی عبوری ضمانت منظور کرلی اور 29 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا جبکہ نیب کو جواب کے لیے نوٹس بھی جاری کر دیا۔