امام کعبہ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات، بے پناہ محبت ملی: ڈاکٹر عبداللہ عواد

Last Updated On 17 April,2019 11:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے۔ امام کعبہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے دل پاکستان کیلئے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔

امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی کے ایوان وزیر اعلی پہنچے پر سردار عثمان بزدار نے پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ امام کعبہ کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے، سعودی عرب کے بے پایاں تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کے دور میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے کے دوران بے پناہ محبت اور پیار ملا، میرا دورہ پاکستان ناقابل فراموش ہے، میں نے قرآن پاک پاکستانی استاد سے حفظ کیا ہے، پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ امام کعبہ نے اس موقع پر تلاوت قرآن پاک بھی کی اور امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی، پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔