منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے کو کے کے ایف کے اکاونٹس تحویل میں لینے کی ہدایت

Last Updated On 20 April,2019 12:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کے کے ایف کے اکاونٹس ایف آئی اے کو تحویل میں لینے کی ہدایت کر دی۔

خدمت خلق فاونڈیشن کی اربوں روپے کی جائیدادوں سے متعلق ایف آئی اے کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے کی درخواست پر عدالت نے جائیدادوں کی ضبطگی کا حکم دے دیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ تحقیقات کرنی ہے اکاونٹ تحویل میں لینےکی اجازت دی جائے، بینک اکاونٹس سے کروڑوں روپے منی لانڈرنگ کی گئی ہے جبکہ سابق سینیٹر احمد علی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ نہیں سنایا جاسکا۔

ملزم کے وکیل نے کہا سابق سینیٹر احمد علی کی طبیعت ناساز ہے اس لیے پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت سے استدعا ہے ضمانت پر فیصلہ موخر کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ درخواست پر فیصلہ ملزم کی موجودگی میں سنایا جائے گا، عدالت نے ضمانت سے متعلق درخواست پر فیصلہ 29 اپریل تک موخر کر دیا۔