وزیراعظم تنخواہ لیتے ہیں، قومی اسمبلی میں آ کر جواب دینا چاہیے: بلاول

Last Updated On 23 April,2019 02:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم تنخواہ لیتے ہیں اور گھوسٹ ملازم بنے پھرتے ہیں، انھیں ہر اجلاس میں آ کر اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دینا چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کل ہم نے نہیں حکومت نے احتجاج کیا حالانکہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا کام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں انگریزی زبان میں تقریر کرتا ہوں تو ڈیسک بجائے جاتے ہیں، اردو میں تقریر کروں تو ان کی چیخیں نکلتی ہیں۔ ایک اجلاس اتنا مہنگا ہے تو امید ہے قائد ایوان ہائوس میں موجود ہوگا۔ وزیر اعظم تنخواہ تو لیتے ہیں لیکن گوسٹ ملازم بنے پھرتے ہیں، انھیں ہر اجلاس میں آکراپوزیشن کے سوالوں کا جواب دینا چاہیے۔

چئیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے کابینہ میں متنازعہ لوگوں کو لیا ہوا ہے، کالعدم تنظیموں کے ساتھ رابطے رکھنے والے وزراء کو فارغ کیا جائے۔ کالعدم تنظیموں کے ساتھ روابط رکھنے والے وزراء کو ہٹانا ملکی مفاد میں ہے۔