'نواز شریف 6 ہفتے کاروباری مفادات کا تحفظ کرنے میں لگے رہے'

Last Updated On 03 May,2019 04:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے دلائل ہار گئے، عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، وزیراعظم نے کہا تھا کوئی کرپٹ پی اے سی کا چیئرمین نہیں ہونا چاہیئے، نواز شریف نے صحت سے زیادہ کاروبار پر توجہ دی۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ضمانت بہانہ ہے، اصل نشانہ لندن جانا ہے، عدالتیں حقائق پر چلتی ہیں، عوام کو ورغلانے کا سلسلہ دم توڑ چکا ہے، وقت ہے اپوزیشن عوامی مفاد میں آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے ایک دن بھی ہسپتال میں علاج نہیں کرایا، ہم نے پارلیمنٹ کو چلانا ہے، ادارے آزادانہ کام کریں، ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے، جھوٹ پر مبنی عوام کو اکسانے کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر گمشدہ ہیں، تلاش کیلئے اشتہار دینا پڑے گا، لٹیروں سے نرمی نہیں ہونی چاہئے، شہباز شریف بیرون ملک سے بھاگ گئے، وہ اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں نہ ہی چیئرمین پی اے سی کا۔

صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا تھا شہباز شریف کی ترجیح وطن واپسی نہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے علیحدگی معنی خیز ہے، سابقہ حکمرانوں کی حقیقت کھل کر سامنے آ رہی ہے، پہلے ہی کہا تھا مسئلہ بیماری نہیں کچھ اور ہے، منی لانڈرنگ کے کیس نقطہ انجام کو پہنچنے والے ہیں، عہدوں سے دستبرداری سوالیہ نشان چھوڑ رہی ہے، شہبا زشریف کی ترجیح واپسی نہیں کچھ اور ہے۔