ای سی سی نے پٹرول کی قیمت 108 روپے فی لٹر کرنیکی منظوری دیدی

Last Updated On 03 May,2019 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ای سی سی نے پٹرول کی قیمت 108 روپے فی لٹر کرنے کی منظوری دے دی۔ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پٹرول کی قیمت میں 9.35 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے، ہائی اسپیڈ ‏ڈیزل 4 روپے 89 پیسے، ‏لائٹ ڈیزل 6 روپے 40 پیسے، ‏مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے فی لٹر مہنگا کرنیکی منظوری دی گئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 7 مئی منگل کو کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد ہوگا۔ منظوری ملنے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108 روپے فی لٹر ہو گی۔

اجلاس کے دوران وزارتوں کی سپلیمنٹری گرانٹس اور پنجاب رینجرز کے لیے ضمنی گرانٹس کی سمری منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ وزارت داخلہ کیلیے 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز مختص کیے جانے کی منظوری مل گئی۔

اجلاس کے دوران ایکسپلوزوز ڈیپارٹمنٹ کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری بھی منظوری دی گئی۔ نیشنل سیونگز آرگنائزیشن کیلیے 54 کروڑ کی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ ملک میں ایک ہزار انڈسٹریل اسٹچنگ یونٹس کیلئے ضمنی گرانٹس منظور کی گئی۔ تھل ایسٹ، بھمبرا، تھل ویسٹ فیلڈز سے ایس ایس جی سی کو گیس فراہمی کی سمری بھی منظور کر لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں۔۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ موخر

یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیوں کی وجہ بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ آئل ایںڈ ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے اضافے کی سمری بھیجی لیکن وزیراعظم عمران خان نے عوام کا احساس کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا اور معاملہ اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوا دیا ہے۔
 

 

 

Advertisement