ن لیگ کے مرکزی عہدیداروں کا اعلان، شاہد خاقان سینئر نائب صدر مقرر

Last Updated On 03 May,2019 10:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی عہدیداروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو سینئر نائب صدر جبکہ احسن اقبال سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا، مریم نواز نائب صدر بن گئیں۔ جاوید لطیف، محمد زبیر اور مشاہد اللہ خان بھی نائب صدور ہونگے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے لندن سے پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ عہدیداروں کی تعیناتی، قائد جماعت میاں محمد نواز شریف اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

مرکزی عہدیداروں کے ساتھ پنجاب، سندھ اور کراچی کی تنظیموں کے عہدیداروں کے ناموں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ مرکزی اور صوبائی سطح پر پہلے سے موجود تنظیموں کو تحلیل نہیں کیا گیا۔

لندن سے جاری مراسلہ کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو سینئر نائب صدر جبکہ احسن اقبال کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ نائب صدور میں مریم نواز شریف، عابد شیر علی، سردار ایاز صادق، برجیس طاہر، درشن لال، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، خرم دستگیر، میاں جاوید لطیف، محمد زبیر، مشاہد اللہ خان، نیلسن عظیم، پرویز رشید، راحیلہ درانی، رانا تنویر اور سردار مہتاب احمد خان شامل ہیں۔

مراسلے کے مطابق اسحاق ڈار کو صدر برائے بین الاقوامی امور اور نورالحسن تنویر کو سیکرٹری جنرل برائے بین الاقوامی امور مقرر کیا گیا ہے۔

بلیغ الرحمان اور عطاء اللہ تارڑ ڈپٹی سیکرٹری جنرل، بلال اظہر کیانی، فرحان ظفر جھگڑا اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل جبکہ عباس آفریدی اور طلال چودھری جوائنٹ سیکرٹری ہوں گے۔

مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، پرویز ملک سیکرٹری خزانہ اور طارق فاطمی کو سیکرٹری پالیسی اینڈ ریسرچ کا عہدہ دیا گیا ہے۔

اسی طرح شازیہ فاطمہ خواجہ سیکرٹری پارلیمانی امور، عائشہ رضا فاروق سیکرٹری ممبرشپ اینڈ ٹریننگ ہوں گی۔ رومینہ خورشید عالم کو سیکرٹری ایچ آر اور سول سوسائٹی مقرر کیا گیا ہے۔

مراسلہ کے مطابق چودھری ریاض الحق صدر کسان ونگ، کامران مائیکل صدر اقلیتی ونگ، میاں منان صدر ٹریڈرز ونگ، مصدق ملک صدر پروفیشنل ونگ اور نزہت امیر صادق صدر خواتین ونگ ہوں گی۔ اس کے علاوہ رمیش سنگھ سیکرٹری جنرل اقلیتی ونگ، قیصر احمد شیخ صدر بزنس اینڈ کامرس ونگ ہوں گے۔

ن لیگ نے اکنامک ایڈوائزری کونسل کے تیرہ ارکان کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان ارکان میں محمد شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، محمد اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، قیصر احمد شیخ، محمد زبیر، مفتاح اسماعیل، عائشہ غوث پاشا، مشاہد حسین سید، مصدق ملک، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔

رانا ثناء اللہ پنجاب مسلم لیگ کے صدر ہوں گے جبکہ سردار اویس لغاری جنرل سیکرٹری پنجاب ہوں گے۔ پنجاب کے نائب صدور میں حنیف عباسی، حافظ نعمان،خواجہ سلمان رفیق اور راجا قمرالاسلام شامل ہیں۔ عظمیٰ بخاری سیکرٹری اطلاعات پنجاب ہوں گی۔

اسی طرح مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل سندھ اور علی اکبر گجر سینئر نائب صدر سندھ ہوں گے جبکہ سلمان علی خان صدر کراچی اور ناصر الدین محمود کو جنرل سیکرٹری کراچی مقرر کیا گیا ہے۔