وزیراعظم نے رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Last Updated On 04 May,2019 07:01 pm

رینالہ خورد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے کہا گھروں کی تعمیر ایک مشکل منصوبہ ہے، اگر یہ منصوبہ مشکل نہ ہوتا تو گزشتہ حکومتیں اس پر عمل کر چکی ہوتیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ حکومتوں نے آسان کام جبکہ ہم مشکل کام کر رہے ہیں، ہمیں 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں، جس معاشرے میں احساس نہ ہو وہ معاشرہ کبھی آگے نہیں بڑھتا، ترقی یافتہ معاشروں میں حکومتیں اپنے عوام کی ضروریات پوری کرتی ہیں۔

 عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ نے کمزور طبقے کو اوپر اٹھایا اور یہ مضبوط ریاست بنی، مدینہ کی ریاست کا ماڈل احساس کی بنیاد پر قائم ہوا، مدینے کی فلاحی ریاست میں جانوروں کا بھی خیال رکھا جاتا تھا، مدینے کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، پاکستان کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا مارگیج کے نظام سے کم آمدن طبقوں کو گھر دیں گے، ہاؤسنگ منصوبوں سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، فلیٹس کی تعمیر کیلئے چین سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کریں گے، گھر بنانے کیلئے بینکوں سے قرضہ دیا جائے گا، کم تنخواہ دار طبقہ بھی بینکوں سے قرضہ لے کر گھر بناسکے گا، جب گھروں کی تعمیر شروع ہوگی، مزید 40 صنعتیں کھلیں گی، روزگار ملے گا، کچی آبادیوں میں پہلے سے موجود گھروں کے اوپر گھر بنائیں گے۔

قبل ازیں صوبائی وزیر محمود الرشید کا کہنا تھا وزیراعظم نے ہاؤسنگ منصوبے کا اعلان کیا تو مذاق اڑایا گیا، ماضی میں ملک کی دونوں بڑی پارٹیوں نے جھوٹے نعروں کا سہارا لیا، ماضی میں حکمرانی کرنے والوں نے جعلی ہاؤسنگ سکیمیں بنائیں، ماضی کے حکمرانوں کی نیت کبھی بھی صحیح نہیں رہی۔ انہوں نے کہا ہاؤسنگ منصوبے میں شہدا کے ورثا کیلئے 20، 20 گھر رکھے گئے ہیں، جلد مزید 10 شہروں میں ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کریں گے، ہر ہاؤسنگ میں 3 اور 5 مرلہ گھروں کی تعمیر ضروری ہوگی۔