لاہور: (دنیا نیوز) داتا دربار خود کش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے شرکت کی۔
آئی جی پنجاب عارف نواز خان اور سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے بھی نماز جنازہ ادا کی۔ شہید پولیس اہلکاروں کو پولیس بینڈ کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی۔
اجتماعی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ شہدا میں ہیڈ کانسٹیبل گلزار علی، شاہد نذیر، محمد سہیل اور کانسٹیبل محمد سلیم شامل ہیں۔ شہید اہلکاروں کا تعلق لاہور، قصور، گوجرانوالہ اور سرگودھا سے تھا۔