وفاقی کابینہ نے 'کامیاب جوان' پروگرام کی اصولی منظوری دے دی

Last Updated On 21 May,2019 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، کابینہ نے 'کامیاب جوان' پروگرام کی اصولی منظوری دے دی۔

 وفاقی کابینہ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ کو ملک کے تعلیمی نظام کی بہتری، اور جدت لانے پر بریفنگ دی جائے گی، پائیدار ترقی پروگرام کی گائیڈ لائننز میں بعض تبدیلیوں کا معاملہ کابینہ میں پیش ہوگا، مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے اثاثہ جات کی معلومات بھی کابینہ کےایجنڈے میں شامل ہے۔

ادھر معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے اچھی اور بڑی خبر ہے، وزیراعظم کے بعد کابینہ نے بھی کامیاب جوان پروگرام کی توثیق کر دی، مشکل معاشی حالات کے باوجود 100 ارب روپیہ مختص کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے، گزشتہ 8 ماہ کی انتھک محنت کے بعد جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا 10 لاکھ نوجوان براہ راست پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے، پروگرام سے وزیراعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مشن آگے بڑھائیں گے، نوجوانوں حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہو جائیں، کامیاب جوان پروگرام ملک کے نوجوانوں کی قسمت بدل سکتا ہے۔