وفاقی حکومت نے کراچی کے 3 بڑے ہسپتالوں کا انتظام دوبارہ سنبھال لیا

Last Updated On 23 May,2019 03:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے کراچی کے تین بڑے ہسپتالوں کا انتظام دوبارہ سنبھال لیا، عدالتی اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بعد وفاقی حکومت نے تینوں ہسپتالوں کا پرانا ڈھانچہ بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں بڑے ہسپتالوں قومی ادارہ برائے امراض قلب، قومی ادارہ برائے امراض اطفال اور جناح ہسپتال کا دوبارہ انتظام سنبھال لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت کو 90 روز کے اندر کراچی کے تینوں ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنا تھا، اگر تینوں ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنے میں تاخیر کی جاتی تو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی تصور کی جاتی۔

وفاقی وزارت صحت کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ 90 روز اسی ہفتے پورے ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ قانون کی جانب سے کہا گیا کہ وفاق کو تینوں ہسپتالوں کا کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دینا چاہیے، نوٹیفیکیشن کے مطابق جناح ہسپتال قومی ادارہ برائے امراض قلب اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال کے ملازمین اور اثاثوں کا انتظام وفاقی وزارت صحت کے ماتحت انتظام سنبھال لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت وفاق کے پاس بجٹ موجود نہیں ہے اور وفاقی وزارت خزانہ آنے والے بجٹ میں تینوں ہسپتالوں کے لیے لیے 12 ارب روپے سے زائد رقم مختص کرنے کے حوالے سے پریشان ہے۔ دوسری جانب سندھ کے محکمہ صحت کے حکام اور تینوں ہسپتالوں کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹران نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
 

Advertisement