عید تہوار پر شہریوں کے سیر سپاٹے، تفریح‌ گاہوں‌ میں خوب رش

Last Updated On 05 June,2019 08:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عید کے میٹھے تہوار پر لاہوریوں کی بڑی تعداد نے مختلف سیرگاہوں کا رخ کر لیا، خصوصا چڑیا گھر میں پنجاب کے دیگر شہروں سے آنے والے افراد کا تا نتا بندھ گیا ہے۔ کیا بچے کیا بڑے سبھی خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

کسی نے شیر دیکھنا ہے تو کسی نے بندر کی اٹھکیلیوں سے لطف اندوز ہونا ہے، کچھ بچے طوطے اور مور دیکھنے کیلئے ضد کر رہے ہیں۔ والدین بھی بچوں کی فرمائشیں آج پوری کرنے کے موڈ میں ہیں، انکار کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ایسے میں بچے آئسکریم اور جوس سے جی نہ بہلائیں یہ تو ممکن ہی نہیں۔ ایک ٹکٹ میں دو دو مزے بس عید کے دن ہی پورے ہوتے ہیں۔

دوسری جانب خواتین میٹھی عید پر میٹھا نہ بنائیں، ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔ لاہور کے بعد کراچی میں خواتین نے صبح سویرے کچن سنبھال لیا۔ اہل خانہ کیلئے عید پر سب سے پہلی ڈش شیر خورمہ بنائی گئی جس کے بعد سندھی بریانی، مٹن سمیت انواع و اقسام کے کھانے دسترخوان پر چننے کا ارادہ ہے، ایسے میں تیاری تو خوب کرنا پڑے گی لہذا خواتین صبح سے ہی تیاریوں میں لگی ہیں۔