قرض انکوائری کمیشن ہمیں بھی بلائے گا تو جائینگے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 16 June,2019 10:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ خاندانی جماعتیں پریشر ڈال کر اپنی مرضی کے فیصلے چاہتی ہیں۔ آج کی لیڈرشپ میں زمین وآسمان کا فرق ہے

دنیا نیوز کے پروگرام اختلافی نوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز مل رہے ہیں، دونوں کے ابو گرفتار ہیں اس لیے ان سے ہمدردی ہے۔ نسل درنسل جماعتوں سے قوم کوکیا لینا دینا۔ ایک نسل کی واردات کودوسری نسل نے تحفظ دینے کی اسٹرٹیجی بنانی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن جسے بھی بلائے گا، بھاگیں گے نہیں، انکوائری کمیشن میں جواب دینا ہو گا اور مانگا جائے گا۔ اگرہمیں بھی بلایا جائے گا توجائیں گے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کا ذاتیات کو نشانہ بنانا اپنے دفاع میں دلائل نہ ہونے کا ثبوت ہے، ایک قانونی نوٹس سے رانا صاحب کو آرام نہیں آیا، شاید انہیں مزید دوا کی ضرورت ہے۔ رانا صاحب فکر نہ کریں ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا حساب بھی باقی ہے۔ شریف خاندان کے چیلے سند یافتہ جھوٹے ہیں۔ بہتان اور الزام تراشی ان کا پرانا وطیرہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنے سیاہ کرتوت کی وجہ سے جیل جا رہی ہے، ان کے لیڈر نیب اور جیل جائیں تو بیمار ہو جاتے ہیں، جیل سے نکلتے ہی بھلے چنگے اور صحت مند ہوجاتے ہیں، لندن پہنچتے ہی ان کی صحت قابل رشک ہو جاتی ہے قوم کا اتنے بڑے جھوٹوں سے سے واسطہ پڑا ہے جن کی آپس میں بیان ہی نہیں ملتے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ آدھے لٹیرے جیلوں میں بیمار ہیں اور باقی آدھے ملک سے فرار ہیں۔ ان کا مقصد سیاسی انتشار پیدا کر کے وزیراعظم کو کمزورکرنا ہے، یہ ملکرنیب کے شکنجے کو ڈھیلا کرنا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement