حیدر آباد میں ٹرین اور مال گاڑی کا اندوہناک حادثہ، 3 افراد جاں بحق

Last Updated On 20 June,2019 10:42 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) ٹرینوں کے درمیان یہ اندوہناک حادثہ حیدر آباد کے مکی شاہ پھاٹک کے قریب پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئیں۔

 عینی شاہدین کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس حیدر آباد پہنچی تو عقب سے مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ اس کے نتیجے میں جناح ایکسپریس کا انجن تباہ ہو گیا جبکہ تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو ٹرینوں سے نکالا۔ بعد ازاں امدادی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے ہلاک افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

اطلاعات ہیں کہ کراچی سے ریلیف ٹرین کو جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ کراچی سے براستہ حیدر آباد جانے والی ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے۔ اس روٹ پر تیزگام سمیت دیگر ٹرینوں کو روانہ ہونا تھا۔ مال گاڑی اور مسافر ٹرین کے درمیان حادثے کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔

ریلوے پولیس کے مطابق کراچی سے لاہور کے لیے جانے والی جناح ایکسپریس نے مال گاڑی کو عقب سے ٹکر ماری۔ حادثے میں جناح ایکسپریس کے دو ڈرائیور اور فائرمین جاں بحق ہوئے ہیں۔ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں ابھی جاری ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انویسٹی گیشن کی جا رہی ہے کہ یہ حادثہ کیوں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیوراور اسٹنٹ ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہے تاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔

شیخ رشید نے حادثے کی اطلاع اور رابطے میں تاخیر پر لاہور بورڈ آفس میں میٹنگ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ذمہ دار افسر بھی فون نہیں اٹھا رہا، معاملہ دیکھتے ہیں۔

انہوں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں مسافروں کے رش کو بھی ریلوے سنبھال نہیں سکا، زائد کوچز لگا کر ریلوے آمدن میں اضافے کا موقع گنوا دیا گیا۔