قندیل بلوچ قتل کیس، سرکاری وکیل کی تبدیلی کا حکم

Last Updated On 20 June,2019 08:10 pm

ملتان: (روزنامہ دنیا) ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے قندیل بلوچ قتل کیس میں گواہ کی شہادتیں قلمبند کرنے کے بعد مرکزی ملزم وسیم کی درخواست پر سرکاری وکیل تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی ہے۔

فاضل عدالت میں گزشتہ روز سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ پولیس اہلکار کاشف اور ملزم اسلم شاہین کے بیانات ریکارڈ کئے۔

دریں اثنا مرکزی ملزم اور مقتولہ کے بھائی وسیم کی طرف سے سرکاری وکیل تبدیل کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔

اس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے افضل شاہد کو نیا سرکاری وکیل مقرر کر دیا۔ سماعت پر ملزم مفتی عبدالقوی، عبدالباسط، ظفر اور حق نوازعدالت پیش ہوئے۔