قبائلی اضلاع کیلئے انصاف روزگار سکیم میں بلا سود قرضے دینے کا آغاز

Last Updated On 20 June,2019 09:43 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے عوام کے لئے انصاف روزگار سکیم میں بلا سود قرضے دینے کا آغاز کر دیا۔ پاک فوج نے قبائلی علاقوں کی تعمیر وترقی کے لئے اپنے بجٹ کا حصہ وقف کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع کے دہشت گردی اور غربت سے متاثرہ مرد اور خواتین کے لئے انصاف روزگار سکیم کے تحت 50 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرضے دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

وزیراعلی ہاؤس میں انصاف روزگار سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ سکیم سے قبائلی اضلاع میں ایک ارب روپے کے بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔

آرمی چیف نے پاک فوج کا بجٹ قبائل کی تعمیر وترقی کے لئے وقف کرنا اہم کارنامہ ہے۔ قبائلی علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انصاف روزگار سکیم کے تحت ابتدائی مرحلے میں 5 ہزار 500 افراد کو روزگار کے لئے بلا سود قرضے دیے جا رہے ہیں۔ اب تک دو ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان نے قبائلی اضلاع کے 27 مرد اور خواتین میں روزگار شروع کرنے کے لئے چیک تقسیم کئے۔