وزیراعظم ’سلیکٹڈ‘ لفظ نہیں سننا چاہتے کانوں میں روئی ڈال لیں، حمزہ شہباز

Last Updated On 24 June,2019 07:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے وزیراعظم کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ آپ ’سلیکٹڈ‘ ہیں تو چھاپ لگ چکی، لفظ نہیں سننا چاہتے کانوں میں روئی ڈال لیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے شریف فیملی میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف کی باتیں قصہ پارینہ ہیں، مریم نواز نے اپنی وضاحت کر دی ہے، مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور شہباز شریف کا نام ہے۔ ڈکٹیٹر کے دور میں بھی دونوں کے درمیان اختلافات کی بات ہوتی تھیں، مسلم لیگ (ن) پہلے اور آج بھی متحد ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عوام ’جھوٹے خان‘ کو بے نقاب کرکے احتساب کرے گی، نیازی صاحب کانوں میں روئی ڈالنے کا بندوبست کریں، اگر آپ ’سلیکٹڈ‘ ہیں تو اس کی چھاپ لگ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی وجہ سے دشمن گھات لگائے بیٹھے ہیں، ملک پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ چکا ہے، معیشت بستر مرگ پر ہے اور ہم ایوانوں میں تماشا دیکھ رہے ہیں۔ اب عوامی غیض وغضب کا سامنا کرنے کے لیے حکومت تیار ہو جائے۔

انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، اگر انہوں نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی کا آدھا بھی کر لیا تو قوم انھیں لیڈر تسلیم کر لے گی۔
 

Advertisement