لیگی رہنما احسن اقبال کی نیب راولپنڈی میں پیشی، سوالنامہ دیدیا گیا

Last Updated On 03 July,2019 01:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر احسن اقبال نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے، قومی احتسب بیورو نے لیگی رہنما کو سوالنامہ دے دیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام کو بتائیں گے غیر ملکی قرضوں کو دگنا کیوں کیا گیا ؟ ہم پاکستان میں جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان مشرف جیسی جمہوریت چاہتے ہیں، انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، ایسے ہتھکنڈے بدترین آمریت میں بھی نہیں آزمائے گئے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا ترقیاتی منصوبوں سے 5 سال میں 700 ارب بچایا، ایک ایک پیسہ قوم کی امانت سمجھ کر خرچ کیا، میٹرو پشاور منصوبے کی انکوائری ہونی چاہیئے، نیب نے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے سے متعلق بلایا تھا، آج ایشین گیمز اور اولمپکس میں پاکستان زیرو ہوچکا، کسی نے بے بنیاد درخواست دے کر انکوائری شروع کرائی۔

لیگی رہنما ن مزید کہا کہ کامیاب منصوبے کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، سپورٹس سٹی منصوبہ 90 فیصد مکمل ہوچکا ہے، عالمی معیار کا سپورٹس سٹی بنایا گیا، کہا گیا 6 ارب کے منصوبے میں خورد برد کی گئی، ہم نے پسماندہ علاقوں میں نئی یونیورسٹیاں بنائیں، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر میں نئے منصوبے شروع کیے، ہم نے سفید ہاتھی منصوبوں کو بھی مکمل کیا۔