احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو کام سے روک دیا گیا: فروغ نسیم

Last Updated On 12 July,2019 11:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فروغ نسیم نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے، انہیں وزارت قانون رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے، نواز شریف کی اپیل کا فیصلہ آنے تک سزا برقرار رہے گی۔

 وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کسی کو عدالتوں پر دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جج ارشد ملک کا کہنا ہے انہوں نے غیر جانبدارانہ فیصلہ کیا، ایک کیس میں نواز شریف کو بری کیا گیا، دباؤ ہوتا تو نواز شریف کو دونوں کیسز میں سزا ہوتی، سماعت کے دوران جج پر دباؤ ڈالنے کی سزا قانون میں موجود ہے، ہم قانون اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں،عدالتوں کو دباؤ میں لانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا جج ارشد ملک سے متعلق فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرنا ہے، کوئی مجرم ٹھہر گیا اور سزا کاٹ رہا ہے تو اس کی سزا معطل نہیں ہوتی، پاناما کیس میں منی ٹریل دینے کا مسئلہ تھا، منی ٹریل دے دیں تو اس کیس سے نکل سکتے ہیں، جج صاحب نے بیان حلفی میں شکایت کی ہے ان پر دباؤ تھا، جج ارشد ملک سے متعلق ویڈیو پر جو کارروائی ہونی ہے وہ ضرور ہوگی۔