وادی نیلم میں سیلاب، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

Last Updated On 16 July,2019 03:10 pm

پشاور: (دنیان یوز) وادی نیلم کے علاقے لیسوا میں نالے میں طغیانی سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی ہے، زخمیوں کا فوجی ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے لیسوا گاؤں کے علاوہ نوسیری اور دنی کے مقامات پر بنائے گئے امدادی کیمپوں میں لوگوں کی آمد جاری ہے، متاثرہ افراد کو خوراک، راشن اور طبی سہولیات بھی دی جا رہی ہے، گذشتہ روز ہیلی کاپٹرز سے 52 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

وادی نیلم میں بارش کے پانی نے لیسوا گاؤں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ درجنوں گھر، مقامی بازار، مسجد، بنیادی مراکز صحت سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے سانحے میں 3 مساجد، 120 مکان اور 60 دکانیں تباہ ہوئیں۔ کئی گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔ جاں بحق ہونیوالوں میں خاتون اور تبلیغی جماعت کے 13 ارکان بھی شامل ہیں۔