کراچی: عوام کا پانی مانگنا جرم بن گیا، مظاہرین پر ہائیڈرنٹ مافیا کا پتھراو

Last Updated On 24 July,2019 04:38 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں عوام کا پانی مانگنا جرم بن گیا، پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرنے والی عوام پر ہائیڈرنٹ مافیا نے پتھراو کیا جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مقدمے کے لئے درخواست دے دی گئی، پولیس کا موقف ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کراچی میں پانی کی قلت پر عوام کا پارہ ہائی ہوگیا، سخی حسن واٹر ہائیڈرنٹ پر پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرنے والی عوام پر ہائیڈرنٹ مافیا نے پتھراو کر دیا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ہنگامہ آرائی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے مقدمے کے لئے درخواست دے دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔

احتجاج کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی کے پولیس اور رینجرز کی نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو سنبھالا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں طرف کے افراد واقعہ میں زخمی ہوئے تھے۔