سانگھڑ میں کنویں سے گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت

Last Updated On 25 July,2019 09:09 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری، سندھ کے ضلع سانگھڑ میں گیس اور تیل کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

‘‘دنیا نیوز’’ کے مطابق تیل و گیس کا نیا ذخیرہ او جی ڈی سی ایل کی کاوشوں کی بدولت دریافت ہوا ہے، جہاں سے یومیہ 91 لاکھ مکعب فٹ گیس اور یومیہ 520 بیرل تیل بھی نکل رہا ہے۔ اس سے قبل بھی سانگھڑ میں ہدف ایکس ون کنویں سے 19 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے تھے۔

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے مطابق پی پی ایل نے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ کے ساتھ مل کر سانگھڑ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک (2568-18) کے دریافتی کنویں ہدف ایکس 1 (ایس ٹی) سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

پی پی ایل ایس بلاک میں 65 فیصد کاروباری شراکت کے ساتھ آپریٹر ہے، جب کہ جی ایچ پی ایل اور اے آر او ایل کی کاروباری شراکت داری بالترتیب 25 اور 10 فیصد ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔
ذخائر