اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جن میں باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم پر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرعظم عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات اور تعاون پر اظہار اطمینان کیا جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا بھی جائزہ لیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک ترک اعلیٰ سطح سٹرٹیجک کارپوریشن کونسل کے اجلاس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، کونسل کا اجلاس اس سال اسلام آباد میں ہو گا۔
ترک صدر کے ساتھ گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کونسل اجلاس کے لیے طیب اردوان کے آمد کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے پاکستانی کوششوں کی حمایت پر ترک صدر کے کردار کو سراہا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان ترکی اور ملائیشیا سہ فریقی مذاکرات کے حوالے سے بھی بات کی۔