اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف قرارداد پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع ہوا. اپوزیشن اراکین نے حکمت عملی کے تحت ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئی تو حکومت نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی تھی۔
گزشتہ ماہ 12 جولائی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف جمع کرائی گئی قرارداد پر پاکستان تحریک انصاف، اتحادی جماعتوں اور آزاد سینیٹرز کے 11 ارکان کے دستخط موجود تھے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں حکومت کو 53 ووٹ درکار تھے لیکن صرف 32 ووٹ پڑے۔ مقررہ ووٹ نہ پڑنے کی وجہ سے پریزائیڈنگ افسر بیرسٹر سیف نے سلیم مانڈوی والا کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کا اعلان کیا۔