اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ خطے میں دیرپا امن کاوشوں کو یقینی بنانے کے لیے مستند یقین دہانی کرانا ہوگی۔
زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی نے یکم اور دو اگست کو پاکستان کا دورہ کیا جس میں پاکستانی قیادت کیساتھ افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں اور افغان مفاہمتی عمل میں مثبت پیشرفت سے آگاہ کیا۔
امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی نے پاکستانی قیادت سے افغان قیام امن کیلئے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات کی۔ ان ملاقاتوں میں افغان امن عمل میں پاکستان کے تعاون اور آئندہ کے مثبت اقدامات پر بھی توجہ مرکوز رہی۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن کی کاوشوں کو یقینی بنانے کے لیے مستند یقین دہانی کرانا ہوگی۔ پاکستان اور افغانستان اپنی اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ دو طرفہ یقین دہانیاں، افغان فریقین کے مابین مفاہمت میں معاون ہوں گی۔ افغان جامع امن معاہدہ علاقائی معاشی استحکام، ربط اور ترقی میں مددگار ہوگا۔