سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کر دیا گیا

Last Updated On 05 August,2019 06:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزرا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، صوبائی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کر دیا گیا، سندھ کابینہ 22 رکنی ہوگئی، وزرا کی تعداد 14 سے 18 جبکہ مشیروں کی تعداد 2 سے 4 ہوگئی۔

سعید غنی سے بلدیات کا محکمہ لے کر وزارت اطلاعات اور وزارت محنت کا قلمدان سونپ دیا گیا۔ سردار شاہ سے وزارت تعلیم لے کر محکمہ سیاحت وثقافت تقویض کر دیا گیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے محکمہ اطلاعات کی واپسی، اب وہ مشیر قانون اور ماحولیات ہونگے۔ سہیل انور سیال کو اینٹی کرپشن، زکوۃ، اوقاف اور آبپاشی کے محکمے مل گئے۔

عبدالباری پتافی وزیر لائیو سٹاک اور فشریز بن گئے۔ تیمور تالپور انفارمیشن، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر مقرر، نثارکھوڑو مشیر ورکس اینڈ سروسز اور مشیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ مقرر، اعجاز علی شاہ شیرازی کو مشیر سوشل ویلفیئر بنا دیا گیا۔

ہری رام وزیر خوراک اور اقلیت، اسماعیل راہو وزیر ایگرکلچر، شبیر بجارانی وزیر پبلک ہیلتھ، فراز ڈیرو وزیر بحالی، غلام مرتضیٰ بلوچ وزیر انسانی آباد کاری اور جام اکرام اللہ دھاریجو کو وزارت انڈسٹریز اینڈ کامرس کا قلمدان سونپا گیا ہے۔