قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور

Last Updated On 07 August,2019 03:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر رصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور ملکی سلامتی کے امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

 وزیر اعظم عمران خا ن کی صدارت میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کے بعد اب تک رونما ہونے والے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بھارتی اقدام کے حوالے سے پاکستان کے جانب سے کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اجلاس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کا ازسرنوجائزہ لیا جائے گا، واہگہ بارڈ، تجارت اور ثقافی روابط منقطع کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے گا کہ موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنا مشکل ہے۔ اس سے قبل اتوار کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے اور تجاویز مرتب کرنے کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ یہ کمیٹی وزیر خارجہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز(ڈی جی ایم او)، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی پر مشتمل ہو گی۔ کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔