سپیکر قومی اسمبلی کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

Last Updated On 09 August,2019 04:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ملائیشین ہم منصب سے رابطہ کرکے انھیں وہاں بھارت کے ظالمانہ اقدام سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر کی صورتحال پر سپیکر قومی اسمبلی کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے جاری ہیں۔ آج اسد قیصر نے اپنے ملائیشن ہم منصب عارف بن محمد یوسف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انھیں آرٹیکل 35 الف اور 370 کے خاتمے سے مقبوضہ کشمیر میں پیدا صورتحال سے آگاہ کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اس گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارتی آئین سے آرٹیکل 35 اے اور 370 کا خاتمہ کشمیریوں سے تاریخی فراڈ اور دھوکا دہی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ بھارت کا یہ ظالمانہ اقدام کشمیر کی مظلوم عوام کے حقوق پر تازہ ترین حملہ ہے۔ مقبوضہ وادی کے عوام بھارت کے اس ظالمانہ فعل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

ملائیشین ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو ہے اور دستور ساز اسمبلی کو معطل کرکے وہاں پر گورنر راج نافذ کر دیا گیا ہے۔

ملائیشیا کے سپیکر عارف بن محمد یوسف نے کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی تحریک کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔