کشمیری بھائیوں سےاظہار یکجہتی، حکومت کا عید سادگی سے منانےکا فیصلہ

Last Updated On 11 August,2019 10:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے حکومت نے عید الاضحٰی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر جل رہا ہے اور لہولہان ہے، عید کے موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے، حکومت عیدالاضحٰی سادگی سے منائے گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیریوں کو نماز جمعہ کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ یہ آر ایس ایس کا مائنڈ سیٹ اور مودی کی دہشت گردی کا اصل چہرہ ہے۔ بھارتی ہٹلر مودی نے پیلٹ گن سے نوجوانوں کی بینائی چھین لی لیکن اس سے کشمیریوں کی جدوجہد کم نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔