کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ امیرجماعت اسلامی کراچی کہتے ہیں کے الیکٹرک کی غفلت سے ہمیشہ ہلاکتوں کے واقعات سامنے آتے ہیں لیکن حکمرانوں نے شہر کو لاوارث چھوڑ رکھا ہے۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شہباز میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں کی نماز جنازہ ڈیفنس کی طوبی مسجد میں ادا کر دی گئی جس میں اہل خانہ، دوستوں اور اہل محلہ نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کے الیکٹرک پر شدید تنقید کی۔
22 سالہ فیضان سلیم، 22 سالہ حمزہ اور 21 سالہ طلحہ ڈیفنس گارڈن اپارٹمنٹ کے رہائشی تھے۔ نواجوان بجلی کی شکایت کیلئے نکلے تھے کہ اہل خانہ کو حادثےکی اطلاع ملی۔ جاں بحق طلحہ کی میت کو آبائی گاوں گجرات بھیجا گیا ہے۔ شہر میں ہونے والی دو روز کی بارشوں نے بلدیاتی اداروں اور کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کی قلعی کھول دی۔