ایل او سی پر فائرنگ کی مذمت، وطن پر نثار ہونیوالے شہداء پر ناز ہے: عثمان بزدار

Last Updated On 16 August,2019 10:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی بہادری اور جرأت کو سلام پیش کیا۔

سردار عثمان بزدار نے شہید فوجی جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرکے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔ دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ وطن کی مٹی پر فدا ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہید لانس نائیک تیمور، شہید نائیک تنویر اور شہید سپاہی رمضان نے پاک وطن کی حفاظت کرتے ہوئے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ شہید فوجی جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ وطن پر نثار ہونے والے شہداء پر ناز ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ بھارت کا جارحیت پسند رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔