کراچی: فارم ہاؤس سے بھاگے 5 مگرمچھ پکڑے گئے، 2 کی تلاش جاری

Last Updated On 16 August,2019 03:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سٹیل ٹاون میں فارم ہاؤس سے 7 مگر مچھ بھاگ گئے، پولیس اور وائلڈ لائف عملے نے 5 کو پکڑ لیا، 2 کی تاحال تلاش جاری ہے۔

موقع ملتے ہی مگرمچھوں نے کام دکھا دیا۔ کراچی کے علاقے سٹیل ٹاون فلٹر پلانٹ کے قریب فارم ہاوس سے سات مگرمچھ بھاگ گئے۔ انتظامیہ پولیس اور وائلڈ لائف والوں کی دوڑیں لگ گئیں۔ بڑی تگ و دو کے بعد پولیس نے وائلڈ لائف اہلکاروں کی مدد سے 5 مگر مچھ پکڑ لیے تاہم دو کی تلاش اب بھی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق چند روز قبل ہونے والی بارش کی وجہ سے خستہ دیوار آج صبح گر گئی تھی جس کے بعد مگرمچھ نکل گئے۔ بارش کی وجہ سے سٹیل ٹاون کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر 2 مگر مچھوں کو مختلف جگہوں پر تلاش کیا جا رہا ہے جبکہ 5 مگرمچھ فارم ہاوس میں واپس پہنچا دیئے گئے ہیں تاحال مگر مچھوں کی جانب سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔