کشمیرکی صورتحال پرگہری تشویش ہے:فرانس،شاہ محمود کاہم منصب کوفون

Last Updated On 20 August,2019 11:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود نے فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیر خارجہ سفارتی محاذ پر ہیں، جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون کرنے کے بعد فرانسیسی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کی صورتحال، سفارتی محاذ پر شاہ محمود متحرک، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو فون

دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلفیونک رابطے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر غور کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام سے متعلق آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام سے خطے میں امن و امان کو در پیش مسائل بڑھ جائیں گے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نیا انسانی المیہ جنم لیتا نظر آ رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 5 اگست سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے، بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے، مودی کےدورہ فرانس میں صورتحال پربات کریں گے۔ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں کو ٹیلیفونک رابطے کر چکے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کر چکے ہیں۔ جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے ہم منصبوں کو فون کرنے کے بعد آج انہوں نے فرانسیسی ہم منصب کو فون کیا ہے۔
 

Advertisement